Ticker

6/recent/ticker-posts

Ad Code

Responsive Advertisement

عیدین اور نماز جنازہ پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟

 (186)

عیدین اور نماز جنازہ پڑھنے کا طریقہ کیا ہے؟

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے دین و و شرع متین مسئلہ ذیل کے بارے میں کہ

عید کی نماز  اور نماز جنازہ کی نماز کا طریقہ اور نیت کے بارے میں رہنمائ فرما دیں 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

سائل ابو بکر کراچی پاکستان

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نحمده ونصلي علي رسوله الكريم 

وعلیکم السلام ورحمة الله وبركاته 

الجواب بعونه تعالي عز وجل 

۔1) یہاں ہم نماز عید الفطر اور نماز عید الاضحی ادا کرنے کا طریقہ بیان کرنے جا رہے ہیں۔

عید چاہے بڑی ہو یا چھوٹی یعنی عید الفطر ہو یا عید الاضحی دونوں کے لیے دو رکعت نماز ادا کی جاتی ہے جو کہ واجب ہے اس کو ادا کرنے کاطریقہ یہ ہے

سب سے پہلے نیت کرے اس طرح

عید کی اردو نیت۔

 نیت کی میں نے دو رکعت نماز عيد الفطر يا عيد الاضحى کی ، ساتھ چھ زائد تکبیروں کے واسطے اللہ تعالی کے پیچھے اس امام کے، منہ میراکعبہ شریف کے طرف اللہ اکبر

یا عربی میں عید الفطر کی نیت اس طرح کریں:

عيد الفطر کی عربی نیت

نَوَيْتُ أَنْ أَصَلَّى اللَّهِ تَعَالَى رَكْعَتَيْ صَلَاةِ عِيدِ الْفِطْرِ مَعَ سِتَّةِ تَكْبِيرَاتٍ زَائِدَةٍ واجباً للهِ تَعَالَى مُتَوَجِهَا إِلَى جِهَةِ الْكَعْبَةِ الشَّرِيفَةِ، اللَّهُ أَكْبَرُ

عيد الاضحى کی عربی نیت

نَوَيْتُ أَنْ أَصَلَّى اللَّهِ تَعَالَى رَكْعَتَيْ صَلَاةِ عِيدِ الْأَضْحَى مَعَ سِتَّةِ تَكْبِيرَاتِ زَائِدَةٍ واجباً للهِ تَعَالَى مُتَوَجَّهَا إِلَى جِهَةِ الْكَعْبَةِ الشَّرِيفَةِ، اللَّهُ أَكْبَرُ

جب نیت زبان سے ادا کرے لیں تو الله اکبر کہہ کر کانوں تک ہاتھ اٹھائے اور حسب دستور ناف کے نیچے باندھ لیں، پھر ثنا پڑھے اس طرح ۔

ثنا۔

سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَ بِحَمْدِكَ وَتَبَارَكَ اسْمُكَ وَ تَعَالَى جَدُّكَ وَ لَا إِلَهَ غَيْرُکَ

ثنا پڑھنے کے بعد تین تکبیر یعنی تین بار اللہ اکبر کہی جاتی ہے اور کانوں تک ہاتھ بھی اٹھایا جاتا ہے جن میں دو بار ہاتھ کانوں تک اٹھا کر نیچے لٹکا دیا جاتا ہے اور تیسری بار میں ہاتھ ناف کے نیچے باندھ لیا جاتا ہے۔ پھر امام قرات کرتے ہیں اور پہلی رکعت نماز پڑھاتے ہیں آپ بھی امام کے ساتھ پہلی رکعت پوری کریں جب دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوں تو امام کو تلاوت کرنے دیں اور آپ چپ ہو کر سنیں جب امام تلاوت کر لے تو اب امام رکوع میں جانے سے پہلے چار تکبیر یعنی چار بار اللہ اکبر کہیں گے جن میں تین بار میں ہاتھ کانوں تک اٹھانا ہے اور چوتھی بار میں بغیر ہاتھ اٹھائے رکوع میں جانا ہے پھر باقی نماز مکمل کرنی ہے ۔ عیدین کی نماز کے بعد خطبہ سننا سنت ہے اس لیے اپنی جگہ بیٹھ کر خاموشی سے خطبہ سنیں۔

۔2) نماز جنازہ پڑھنے کا طریقہ؟

نماز جنازہ فرض کفایہ ہے، اگر بعض لوگوں نے پڑھ لی تو سب سے فرض ساقط ہو جائے گا لیکن اگر کسی نے بھی نہ پڑھی تو سب گنہگار ہوں گے۔ اس کے ادا کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ امام میت کے سینے کے مقابل کھڑا ہو۔ اگر میت بالغ ہو تو اس کی دعائے مغفرت کا ارادہ کرے اور اگر میت نابالغ ہو تو اسے اپنا فرط، اَجر و ذخیر اور شفاعت کرنے والا اور مقبولِ شفاعت بنانے کا ارادہ کرے۔ اس کے بعد نماز جنازہ کا فریضہ ادا کرنے کی نیت اِس طرح کرے :

نیت کی میں نے چار تکبیریں نماز جنازہ فرضِ کفایہ، ثنا واسطے ﷲ تعالیٰ کے، درود شریف واسطے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے، دعا واسطے حاضر اس میت کے، منہ طرف کعبہ شریف کے (اور مقتدی یہ بھی کہے:) پیچھے اِس امام کے۔ پھر رفع یدین کے ساتھ تکبیر تحریمہ کرکے زیرِ ناف ہاتھ باندھ لے اور یہ ثنا پڑھے:

سُبْحَانَکَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِکَ، وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ، وَجَلَّ ثَنَاءُ کَ وَلَا اِلٰهَ غَيْرُکَ.

دوسری تکبیر ہاتھ اٹھائے بغیر کہے اور یہ درود پاک پڑھے :

اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا صَلَّيْتَ وَسَلَّمْتَ وَبَارَکْتَ وَرَحِمْتَ وَتَرَحَّمْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ.

پھر ہاتھ اٹھائے بغیر تیسری تکبیر کہے اور میت اور تمام مسلمانوں کے لیے دعائے مغفرت کرے۔ بالغ مرد و عورت دونوں کی نمازِ جنازہ کے لیے یہ دعا پڑھے :

اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِحَيِّنَا وَمَيِّتِنَا وَشَاهِدِنَا وَغَائِبِنَا وَصَغِيْرِنَا وَکَبِيْرِنَا وَذَکَرِنَا وَاُنْثَانَا. اَللّٰهُمَّ مَنْ اَحْيَيْتَه مِنَّا فَاَحْيِه عَلَی الْاِسْلَامِ وَمَنْ تَوَفَّيْتَه مِنَّا فَتَوَفَّه عَلَی الإِيْمَانِ.

(فتاویٰ عالمگيری، 1: 164)

یا اللہ! تو ہمارے زندوں کو بخش اور ہمارے مردوں کو، اور ہمارے حاضر شخصوں کو اور ہمارے غائب لوگوں کو اور ہمارے چھوٹوں کو اور ہمارے بڑوں کو اور ہمارے مردوں کو اور ہماری عورتوں کو۔ یا اللہ! تو ہم میں سے جس کو زندہ رکھے تو اس کو اسلام پر زندہ رکھ اور جس کو ہم میں سے موت دے تو اس کو ایمان پر موت دے۔‘‘

اگر نابالغ لڑکے کا جنازہ ہو تو یہ دعا پڑھے:

اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهُ لَنَا فَرَطاً وَّاجْعَلْهُ لَنَا اَجْرًا وَّذُخْرًا وَاجْعَلْهُ لَنَا شَافِعًا وَّ مُشَفَّعًا.

(فتاویٰ عالمگيری، 1: 164)

اے اللہ! اس بچہ کو ہمارے لیے منزل پر آگے پہنچانے والا بنا، اسے ہمارے لیے باعثِ اجر اور آخرت کا ذخیرہ بنا، اور اسے ہمارے حق میں شفاعت کرنے والا اور مقبولِ شفاعت بنا۔‘‘

نابالغ لڑکی کا جنازہ ہو تو یہ دعا پڑھے :

اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهَا لَنَا فَرَطاً وَّ اجْعَلْهَا لَنَا اَجْرًا وَّ ذُخْرًا وَّ اجْعَلْهَا لَنَا شَافِعَةً وَّ مُشَفَّعَةً.

’اے اللہ! اس بچی کو ہمارے لیے منزل پر آگے پہنچانے والا بنا، اسے ہمارے لیے باعثِ اجر اور آخرت کا ذخیرہ بنا، اور اسے ہمارے حق میں شفاعت کرنے والا اور مقبولِ شفاعت بنا۔‘‘

اگر کسی کو ان دعاؤں میں سے کوئی دعا یاد نہ ہو تو یہ دعا پڑھ لینی چاہیے:

اَللّٰهُمَّ اغْفِرْلَنَا وَلِوَالِدَيْنَا وَ لِلْمُؤْمِنِيْنَ وَالْمُؤْمِنَاتِ.

اے اللہ! تو ہمیں ہمارے والدین اور تمام مومن مردوں اور عورتوں کو بخش دے۔‘‘

اگر یہ دعا بھی یاد نہ ہو تو جو دعا یاد ہو وہی پڑھ سکتا ہے۔

پھر چوتھی تکبیر بغیر ہاتھ اٹھائے کہے اور بعد ازاں اَلسَّلَامُ عَلَيْکُمْ وَرَحْمَةُ ﷲِ، اَلسَّلَامُ عَلَيْکُمْ وَرَحْمَةُ ﷲِ کہتے ہوئے دائیں بائیں سلام پھیر دے۔

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

كتبه/ محمد مجيب قادري لهان ١٨خادم دارالافتاء البركاتي علماء فاونديشن شرعي سوال و جواب ضلع سرها نيبال

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے